خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان: میلاد النبیﷺ 21 توپوں کی سلامی دی گئی

گلگت:(ملت+اے پی پی) پوری مسلم دنیا کی طرح گلگت بلتستان میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ مکمل مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پرگلگت بلتستان میں عام تعطیل تھی جس کے باعث تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر،تعلیمی وکاروباری ادارے بند رہے ،اس مقدس دن کا آغاز صوبائی ہیڈ کوارٹرز گلگت میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا اورمساجد میں خصوصی دعائیں کی گئیں،جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام اہم سرکاری ونجی عمارتوں، مساجد اور گھروں پر قومی پرچم لہرایا گیا اور رنگا رنگ لائیٹوں سے سجایا گیا ۔اس موقع پرصوبائی سطح پر سیرت کانفرنسز کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مذہبی سکالرز اور دانشوروں نے حضرت محمدﷺ کی زندگی، اقوال، تعلیمات اور فلسفے پر روشنی ڈالی ،گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں میلاد النبی کے سلسلے میں اجتماعات، ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے جن میں علماء کرام نے حضور پاک ﷺ کی تعلیمات،اسوہ حسنہ ، اخلاق ،درگزر کرنے کی عادت ،بہادری، ایمانداری اورحکمت پرروشنی ڈالی ۔ اس سلسلے میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولﷺ کے مختلف مقابلہ جات بھی منعقد کئے گئے جن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔