خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئی:محکمہ موسمیات

اسلام آباد (آئی این پی )محکمہ موسمیات نے (آج ) بدھ سے اسلام آباد ،پنجاب ،خیبر پختونخوا،فاٹا گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بارش کی پیشگوئی کردی ،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ اس دوران مالاکنڈ ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب(ملتان، ڈی جی خان ڈویژن) اور سندھ (حیدر آباد، کراچی، سکھر، میرپور خاص ڈویژن) میں تیز/گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش مالم جبہ04 اور کاکول01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں دالبندین، نوکنڈی47،شہید بینظیر آباد، پڈعیدن46، سکھر ، دادو، سبی، لاڑکانہ 45 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔