خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان میں ترقی کےرجحانات اور پہلوؤں کےموضوع پرسیمنار

گلگت: (اے پی پی) قراقرم انٹر نیشنل یونیوسٹی شعبہ ابلاغیات کے تحت گلگت بلتستان میں ترقی کے رجحانات اور پہلوؤں کے موضوع پر سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال ،وائس چانسلر ڈاکٹر محمد آصف خان اور ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق تھے۔ سیمینارمیں شعبہ ابلاغیات کے طلباء و طالبات کے علاوہ اساتذہ، انتظامیہ سٹاف بھی موجود تھے۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعمیرات گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ آج میڈیا ہر شعبے میں اپنا مثبت کردار ادا کررہا ہے اس خطے کی تعمیرو ترقی میں بھی صحافت نے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔تنقید کرنا بہت اچھی بات ہے مگر یہ تنقید برائے اصلاح ہو ۔پاک چائنہ اکنامک کوریڈور ہو یا ایسے کئی اور پروجیکٹس ، میڈیا کو کلیدی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا پروگرام نہ صرف طلبہ وطالبات کیلئے نہایت اہمیت رکھتا ہے بلکہ اس سے پورے گلگت بلتستان کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ مستقبل میں ایسے پروگرام کے ذریعے علاقے کی تعمیر وترقی اور لوگوں میں آگہی و شعور بیدارکرنے کیلئے قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کوششیں جاری رکھے گی۔وائس چانسلر نے کہاکہ وقت کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی نے تعلیم کے ذریعے دنیا میں تہلکہ مچادیا ہے ۔قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء ملک کی کسی یونیورسٹی کے طلباء سے ہرگز کم نہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ میڈیاکی وجہ سے آج گلگت بلتستان پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے ۔اس سے قبل شعبہ ابلاغیات کے ہیڈ سلطان احمدنے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد خطے کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ سیمینار ڈائریکٹر آئی پی ڈی محفوظ اللہ ڈار اور محترمہ دل انگیز نے اپنا اپنا مقالہ پیش کیا۔