خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان میں قیام امن کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے:آئی جی پولیس ظفر اقبال اعوان

استور ۔ (اے پی پی) انسپکٹر جنرل پولیس ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کے لئے ہم کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،جب تک امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوتا تب تک نہ تو علاقہ ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی دور جدید کے چیلنجز سے نبردآزما ہو سکتے ہیں ۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آنے والے سیاحوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 2سو سے زائد سیاح گلگت بلتستان آرہے ہیں ،شاہراہ قراقرم کے علاوہ غذر کے نالہ جات پر بھی سیکیورٹی خدشات ہیں ،گلگت بلتستان میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو مکمل تحففظ فراہم کریں گے اور جون، جولائی سے پہلے شاہراہ قراقرم پر خصوصی فورس تعینات کر نا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور جیسا بڑامنصوبہ گلگت بلتستان میں بنایا جا رہا ہے جس کے باعث 2016 میں سیاحوں کی آمد بہت زیادہ ہو گی، جنکی خواہیش ہو گی کہ وہ گلگت بلتستان چائینہ بارڈر تک سیروتفریح کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال گلگت بلتستان میں 2لاکھ سیاح آئے تھے اور انشااللہ اس سال کم از کم 6 لاکھ تک سیاح گلگت بلتستان آئیں گے، ان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر نے کے لئے محکمہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے تیار ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے پولیس جوانوں کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔