خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان میں قیمتی دھاتوں کےوسیع ذخائرموجود ہیں:سیکرٹری معدنیات

گلگت: (اے پی پی) سیکرٹری معدنیات گلگت بلتستان فرید احمد نے کہاہے کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن سروے کے مطابق گلگت بلتستان میں قیمتی دھاتوں کے وسیع ذخائر موجود ہیں،جن کے ذریعے لیز ،رائلٹی، لائسنس اور دیگر فیسوں کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کمائے جا سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کی زیر نگرانی گلگت بلتستان کا انوینٹری میپ تیاری کے آخری مراحل میں ہے ،معدنیات کی غیر قانونی نقل وحمل کو روکنے کے لئے ضلع غذر ،ہنزہ ،نگر ،اور ضلع دیامر میں خصوصی چیک پوسٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا ،اس کے علاوہ چلاس اور عالم برج پرمنرل چیک پوسٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جیم سٹون کٹنگ اینڈ پالشنگ کرونگ کی تربیت کے لئے گلگت میں لیپڈری سنٹر کے لئے مشینری کی خریداری اور انسٹالیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ بلتستان ریجن کے لئے لیپڈری سنٹر کے قیام کے لئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے ،اس کے علاوہ سکردو میں منرل کمپلیکس کے قیام کے لئے ضروری کارروائی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہرین نے گلگت بلتستان میں سیمنٹ فیکٹری کے قیام کے لئے ابتدائی ہوم ورک تقریبا 80 فیصد مکمل کر لیا ہے جس سے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر مستفید ہو سکیں گے ۔