خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،میرواعظ

نئی دہلی ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے جاری مثبت کوششیں کشمیری عوام کیلئے حوصلہ افزاء ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل پورے خطے سے کشیدگی کے خاتمے اوربھارت اور پاکستان کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل اور معاشی استحکام کی ضمانت فراہم کرسکتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ان خیالات کا اظہار نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران پاکستانی سفارتکار نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور گلگت بلتستان مسلسل جموں وکشمیرکا ریجن رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کے ضمن میں حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کوششوں ،بھارت اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹریوں کی سطح کی مجوزہ ملاقات ، جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال ، مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور مسئلہ کشمیر سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی ساتھ گفتگو کی گئی۔میر واعظ عمر فاروق نے دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم محمد نواز شریف اور نریندر مودی کی حالیہ ملاقاتوں کے دوران بامعنی مذاکراتی عمل کی بحالی کیلئے اقدامات کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹری جلد ہی ملاقات کریں گے جس میں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے ضمن میں ٹھوس پیش رفت سامنے آئے گی۔ میرواعظ نے حکومت پاکستان کی طرف مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اختیار کی گئی پالیسی اور اس مسئلے کی بھارت کیساتھ کسی بھی مذاکراتی عمل میں شمولیت اور اس عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے کشمیری عوام کو اس عمل کا حصہ بنانے کو لازمی قرار دیئے جانے جیسے اقدامات کو کشمیری عوام کیلئے باعث اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جائز جد وجہد میں پاکستان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران انکی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہی ہے ۔ اس موقعہ پرپاکستانی ہائی کمشنر نے حریت چیئرمین کو یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک منصفانہ اور دائمی حل پاکستان کی قومی پالیسی کا حصہ ہے اور جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔