خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کئی علاقوں میں ایک ماہ سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم نہ سکا

گلگت (ملت + آئی این پی) گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں ایک ماہ سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ حکومت کی عدم توجہی کے باعث کئی فٹ برف جمنے سے مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچانا جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ گلگت کے عوام ایک مہینے سے پڑنے والی برف باری سے خوار ہو کر رہے گئے لیکن حکومت کو متاثرین کا خیال نہ آیا۔ سڑکوں کا نام ونشان تک مٹ گیا، لوگوں کا گھروں تک پہنچنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ سکردو، ارندوشگر، شیلا، شغرتھنگ اور ستق چن کے علاقے شدید متاثر ہیں۔ خوراک اور دواؤں کی قلت کے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگ گئے ہیں جبکہ مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کا بھی کوئی انتظام نہیں، لوگ اپنے پیاروں کو کندھوں پر اٹھا کر اور ٹوکریوں میں ڈال کر میلوں دور جان لیوا سفر کرنے پر مجبور ہیں۔