خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئےمختلف ترقیاتی اقدامات کئے ہیں

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مختلف ترقیاتی اقدامات کئے ہیں، مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا۔ وہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان سے متعلقہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امور کے بارے میں بھی بتایا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں جو ان کی ملک سے والہانہ محبت کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا قومی ترقی اور خوشحالی میں کردار قابل تعریف ہے۔