خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کے خود مختار بلدیاتی نظام کے لئے تیاری آخری مراحل میں ہے:آصف اللہ خان

استور۔ (اے پی پی) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو ماڈل اور خود مختار بلدیاتی نظام کے لئے تیاری آخری مراحل میں ہے بہت جلد حکومت گلگت بلتستان کو ایک رول ماڈل اور خود مختار بلدیاتی نظام دینے میں کامیاب ہو گی ۔انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلوں کے نتیجے میں لوکل گورنمنٹ میں کام کرنے والے یونین سیکرٹریز اور سپروائزرز کے اپ گریڈ یشن میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں ادارے میں کام کرنے والے 109یونین سیکرٹریز اور7 سپروائزرز کو اگلے سکیل میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ سپروائزرزکو 9 سکیل سے 14سکیل اور یونین کونسل کے سیکرٹریز کو سکیل 7سے12میں اپ گریڈ کرنے کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلی کی جانب سے دیرینہ مطالبا ت پورے ہونے سے ادارے کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،انہو ں نے کہا کہ بہت جلد لوکل کونسل بورڈ کا بھی نوٹیفیکیشن ہو گا جس سے بلدیاتی ملازمین کے سروس سٹریکچر سمیت اپ گریڈیشن کے اہم مسائل حل ہوں گے۔