خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کے طول عرض میں بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے:ابراہیم ثنائی

گلگت۔ :(اے پی پی)صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم حاجی ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے طول عرض میں بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور حکومت کی اولین کوشش ہے کہ تمام متاثرین کے نقصانات کا جلد سے جلد ازالہ ہو سکے، یہ بات انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں قدرتی آفات کے سامنے بے بس ہیں لیکن پھر بھی کم اور محدود وسائل کے باوجود حکومت گلگت بلتستان نے بھرپور کوشش کی ہے کہ ان ہنگامی حالات سے بہترین طریقے سے نمٹا جائے۔ خطے میں پیدا ہونے والے اس بحران کے بعد جلد سے جلد امدادی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں اور ان کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔