خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کے معاشی حالات میں تبدیلی آر ہی ہے:اقبا ل حسن

گلگت: (ملت+اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات اقبا ل حسن نے کہا ہے کہ امن کے قیام اور پر امن ماحول کی بدولت صوبے کے معاشی حالات میں تبدیلی آر ہی ہے، معاشی سرگرمیوں کے بڑھنے سے بیروزگاری اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن کسی بھی معاشرے کے لئے ترقی کی کنجی ہے اور مہذب معاشرے ترقی کی راہ پر چل کر اہم سنگ میل طے کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت نے امن کے دیرپا قیام کے لئے بہترین پالیسیوں کا نفاذ کیا اور گلگت بلتستان میں ماضی کی نسبت اب پر امن اور مثالی ماحول دیکھنے میں آیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے انتہائی مستعدی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کہ نتیجہ یہ ہے کہ یہ صوبہ پورے ملک میں کم ترین کرائم ریٹ کے اعتبار سے ایک مثالی مقام رکھتا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر اداروں کی کاوشوں کی بدولت گلگت بلتستان میں امن کی صورتحال بہت اچھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی میدان میں بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ سی پیک سے وابستہ مستقبل کے فوائد کو دیکھتے ہوئے چین کے علاوہ دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ ایک انتہائی خوش آئند بات ہے۔ صوبائی وزیر نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان آنے والے چند سالوں میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کا خوشحال ترین ملک بن کر سامنے آئے گا۔