خبرنامہ گلگت

گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کا کام اسی سال شروع ہو گا ،وزیر اخلاق

گلگت ۔ (اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع سکردو کے صدر وزیر اخلاق نے کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کا کام اسی سال شروع ہو گا ،ہم فرضی اعلانات پر یقین نہیں رکھتے ،جو لوگ گلگت سکردو روڈ کے حوالے سے بیانات دے رہے ہیں وہ علاقے سے مخلص نہیں ہیں ۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانا صوبائی حکومت ،چیف سیکرٹری اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور مہنگائی کے خاتمے، کرایوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ سکردو میں بجلی کی صورت حال 80 فیٖد بہتر ہو چکی ہے اورصوبائی حکومت بجلی چوری اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے ،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب میں پوری قوم اور حکومت پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہیں ۔