خبرنامہ گلگت

گلگت: سیلاب متاثرین کیلئے پنجاب حکومت نے امدادی سامان بھجوا دیا

گلگت:(اے پی پی)امدادی اشیاء کی ایک کھیپ صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے گلگت پہنچانے کے بعد ایئر پورٹ پر صوبائی وزیر خوراک گلگت بلتستان جانباز خان، وزیر بلدیات فرمان علی و دیگر کے حوالے کی۔ بعد ازاں بلال یاسین نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن سے ملاقات کی اور انہیں قدرتی آفت کے دوران پنجاب حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف گلگت بلتستان کو ملک کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران گلگت بلتستان میں ہونے والے انسانی جانوں کے زیاں پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی مدد کا سلسلہ شاہراہ قراقرم کے کھلنے تک جاری رکھے گی۔