خبرنامہ گلگت

ہاشوگروپ گلگت بلتستان میں فائیوسٹارہوٹل تعمیرکرےگا،گروپ نےبانڈزکےاجراءسے7ارب روپےکےفنڈزاکٹھےکئےہیں،حسیب اےگردیزی

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن)ملک میں سیاحت کے شعبہ کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ہاشو گروپ نے گلگت بلتستان میں فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ سال 2017ء کے دوران پاکستان میں آنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں 300 فیصد کا اضافہ ہوا اور دوران سال 1.75 ملین سیاحوں نے ملک کے سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے مطابق مقامی سیاحوں کی تعداد بھی 30 فیصد تک بڑھی ہے۔ ہاشو گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر حسیب اے گردیزی نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے نہ صرف مقامی بلکہ غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی سہولیات کے پیش نظر ہاشو گروپ نے فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹلنگ کی صنعت کے فروغ اور ترقی کیلئے ہاشو گروپ دیگر شراکتداروں کی معاونت سے کئی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کے علاوہ 3 تا 4 ارب روپے کے اخراجات آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاشو گروپ نے اپنے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے بانڈز کے اجراء سے 7 ارب روپے کے فنڈز اکٹھے کئے ہیں۔