خبرنامہ گلگت

ہسپتالوں کا بجٹ دگنا کردیا ہے: وزیراعلیٰ گلگت

گلگت: (اے پی پی) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے ہسپتالوں کا نظام بہتر بنانے کیلئے آئندہ مالی سال میں تمام ہسپتالوں کا انتظامی بجٹ دگنا کردیا ہے، آئندہ مالی سال میں شہید سیف الرحمن میموریل ہسپتال اور گانچھے میں 2 نئی سٹی سکین مشینیں نصب کی جائیں گی جو گلگت اور سکردو میں کام کرنے والے سٹی سکین مشینوں کی خرابی کی صورت میں متبادل کے طور پر بھی استعمال کی جائیں گی ۔صوبے کے تینوں ریجن میں ٹراما سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوراٹر ہسپتالوں میں آئندہ مالی سال سے ڈائلاسز سینٹرز قائم کیے جائیں گے ،تمام ہسپتالوں میں مفت ایمرجنسی ادویات فراہم کی جائینگی۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہید سیف الرحمن میموریل ہسپتال کی بلڈنگ کی تعمیر، گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مناسب جگہ تعمیر کرنے کیلئے237.613ملین کی منظوری دی اور ڈسٹرکٹ دیامرمیں شومیر ی تا کورنگا روڈ کی میٹلنگ اور توسیع کیلئے217.900ملین کی منظوری دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو مذید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کی صفائی کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہید سیف الرحمن میموریل ہسپتال میں مریضوں کو دیئے جانے والے کھانے کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ و دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو کھانے کی فراہمی بغیر کسی تعطل اور بندش کے جاری رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری خزانہ کو فوری طور پر شہید سیف الرحمن ہسپتال میں مریضوں کو کھانے کی فراہمی کیلئے درکار فنڈزکا فوری اجراء کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویلی شاہراہوں کی تعمیر و توسیع پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے سیکرٹری تعمیرات اورچیف انجینئر دیامر کو ہدایت کی ہے کہ دیامر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعاراور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیکرٹری پلاننگ، سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری ورکس اور سیکرٹری برقیات کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے جس کے تحت ان اہم اداروں کو ضرورت کے مطابق فنڈز کی فراہمی کیلئے جامع اصول وضع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں غریبوں کیلئے لوکل پرچیز کا استعمال شفاف انداز میں نہیں ہوا جس کی وجہ سے لوکل پرچیز کو ختم کرکے غریبوں کو ایمرجنسی میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ مالی سال میں تمام ہسپتالوں میں پرچی کا نظام کمپیوٹرائز کیا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر سہولت میسرآسکے۔