خبرنامہ گلگت

ہمیں اپنے نظام تعلیم کو بہتر کرنا ہوگا ‘اشرف صدا

استور: (ملت آن لائن)گلگت بلتستان کونسل کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اشرف صدا نے کہاہے کہ تعلیم کے لئے خاصی بجٹ خرچ باوجود محکمہ تعلیم عوام کی توقعات پر اترنے میں ناکام رہا ،اس محکمے میں بہتری ضرور آئی ہے تاہم اس طرح کے نتائج نہیں ملے ہیں جن کی توقع کی جارہی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے کمپلکس میں میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے نظام تعلیم کو بہترکرنا ہوگا، گارڈ آ ف آنر قومی ہیروز کو دینا چاہئے ،ہمیں اپنے اسلاف کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگا اور اپنے اداروں کی حفاظت کرنا ہوگی ورنہ قوم بہت پیچھے رہ جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کو مریضوں کے ساتھ رویہ ٹھیک رکھنا ہوگا اورانہیں مسیحا بن کر کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے طلبہ کی کامیابی پر بڑا فخر ہے ۔ ڈی آئی جی بلتستان ریاض نذیر گاڑا نے کہاکہ بلتستان ادب کی سرزمین ہے یہاں کے لوگ بڑے مہذب ہیں پوزیشن ہولڈر طلبہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ رکن اسمبلی عمرا ن ندیم نے کہاکہ طلبہ نے نمایاں کار کر دگی کا مظاہرہ اپنے علاقے کا نام روشن کیا ان کی کامیابی دوسرے طلبہ کیلئے مشعل راہ ہے۔ تقریب میں رکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان ، نثار عباس ، اسسٹنٹ کمشنر سکردو میر اعظم حمزہ ، محمد حسین آزاد ، کرنل خلیل ، عارف صحاب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔