خبرنامہ گلگت

ہنزہ اورغذر میں ریسکیو 1122 کےدفاتر،جلد قیام عمل میں لایا جائیگا:حفیظ الرحمن

گلگت :(اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہنزہ اور غذر میں ریسکیو 1122 کے دفاتر اور جگلوٹ اور نومل میں 1122کے یونٹس کا جلد قیام عمل میں لایا جائیگا۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے گلگت میں 2 ہائیڈرنٹ قائم کیے جائینگے ۔انہوںٰنے متعلقہ افسران کو 2نئے اضلاع میں 1122 دفاتر کے قیام اور یونٹس قائم کرنے کے لیے جلد از جلد کاغذی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں انرجی سیکٹر کے وسیع مواقع موجود ہیں حکومت وفاقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کر یگی ۔ سرمایہ کاروں کو سہولیات اور ساز گار ماحول کی فراہمی کے لیے بورڑآف انو سٹمنٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جار ہا ہے ۔ پاک چائینہ اکنامک کوریڈور ملک کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا، گلگت بلتستان اکنامک کوریڈور کا گیٹ وے ہے۔ صوبے میں توانائیکے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس کی تعمیر کے لیے وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بنائی ہے جو گلگت بلتستان میں پاور پر اجیکٹس میں سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کریگی۔ انہوں نے واسیپ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے میگا منصوبوں کا آغاز کر رہی ہے، صوبے کا انفراسٹریکچر جد ید طرز پر تعمیر کیا جائیگا۔ 8 ارب کی خطیر رقم سے گلگت میں سیوریج سسٹم تعمیر کیا جا رہا ہے عوام کو توانائی کے متبادل ذرائع کی فراہمی کے لیے اپرمکس کے ذریعے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی جس کے لیے سوئی نادرن کے ماہرین نے فزیبلٹی مکمل کی ہے جس سے عوام کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی آئیگی۔