خبرنامہ

اب گھر بیٹھے اپنی آنکھیں ٹیسٹ کریں

سان فرانسسكو:(ملت+اے پی پی) آئی کیو نامی ایک خردبینی نلکی اور ایپ کے ذریعے آپ گھر بیٹھے اپنی آنکھیں اور بصارت ٹیسٹ کرسکتے ہیں اور یہ آپ کی آنکھوں کی صحت کا جائزہ بھی لیتی رہتی ہے۔ اس اہم ایجاد کے لیے کِک اسٹارٹر ویب سائٹ پر چندہ مہم جاری ہے۔ 29 ڈالر کی قیمت میں ایک خردبینی نلکی اور ایپ فراہم کی جاتی ہے۔ نظر ٹیسٹ کرنے کے لیے ایپ آن کریں اور نلکی کے سرے پر کچھ دیر کے لیے آنکھ کھول کررکھیں تو ایپ کسی ڈاکٹر کی طرح آپ کی آنکھ کا تفصیلی معائنہ کرتی ہے۔ گھر بیٹھے نظر ٹیسٹ کرنے کی اس ویب سائٹ سے آپ کبھی بھی اور کہیں بھی اپنی نظر ٹیسٹ کرسکتے ہیں۔ امریکا اور یورپ میں نظر ٹیسٹ کرانے کے لیے لوگوں کو بھاری فیس ادا کرنا ہوتی ہے اور غریب ممالک کے دوردراز علاقوں میں یہ سہولت نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی لیے آئی کیو ایپ ہرطرح سےلوگوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ کمپنی اولین پراڈکٹ فروری 2017 میں جاری کرے گی جب کہ 2015 میں اس کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اس ایجاد کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو کم خرچ اور درست نظر کی جانچ فراہم کرنا ہے۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں طرح کےاسمارٹ فون کے لیے تیار کی گئی ہے۔ آئی کیو کلاؤڈ میں موجود جدید ترین الگورتھم اور سافٹ ویئر درست انداز میں نظر کا جائزہ لیتے ہیں اور آنکھوں کا درست نمبر تجویز کرتے ہیں۔ ایپ صارف کو مفید مشورے، جدید چشموں کے فریم اور دیگر معلومات بھی فراہم کرتی رہتی ہے۔