خبرنامہ

امراض قلب کی معروف دواپرپابندی،مارکیٹ سے ہٹانے کی ہدایت

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے نو کمپنیوں کی ہارٹ اٹیک سے بچانے والی دوا پر پابندی عائد کردی۔ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق دوا میں کینسر کا باعث بننے والے کیمیکلز موجود ہیں۔

دل کے امراض میں استعمال ہونے والی ویلسرٹان نامی یہ دوا ہارٹ اٹیک سے بچاتی ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کینسر کا باعث بننے والے کمیکلز کی موجودگی کی تصدیق کے بعد دوا مارکیٹ سے ہٹانے کی ہدایت کردی۔

امراض قلب میں مبتلا افرادجو یہ دوا استعمال کرتے ہیں انہیں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اس کا استعمال فوری ترک کردیا جائے۔

ڈریپ کے مطابق دوا میں موجود کیمیکلزکا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے، دواساز کمپنیاں اسے بنانا بند کرنے کے علاوہ مارکیٹ میں موجود دوا کو بھی فوری واپس لے لیں۔

مریضوں کو اپنے معالج کے مشورے سے اس کی متبادل دوا استعمال کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔