خبرنامہ

امریکا میں ایک بچی کی دو بار پیدائش

واشنگٹن (ملت،اے پی پی) امریکا میں ایک بیمار بچی کو اس کی ماں کے بطن سے سرجری ذریعے نکال کر علاج کے بعد دوبارہ ماں کی کوکھ میں رکھ دیا گیا ۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق حاملہ امریکی خاتون مارگریٹ پویمر نے حمل کے 16 ویں ہفتے اپنا طبی معائنہ کرانے کے ساتھ ساتھ پیٹ میں موجود بچے کا الٹرا ساؤنڈ کرایا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے پیٹ میں موجود بچی ’ٹیومر‘ کا شکار ہے۔ بچی کی جان تبھی بچ سکتی کہ اگر اسے اس پھوڑے سے نجات دلائی جائے اور ایسا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک بچی ماں کے بطن سے باہر نہیں آجاتی۔مقامی میڈیا کے مطابق مارگریٹ پویمر نے بتایا کہ بیشتر معالجین نے اسے اسقاط حمل کا مشورہ دیا مگر ریاست ٹیکساس کے چلڈرن ڈاکٹر ڈاریل کاس نے تجویز دی کہ سرجری کے ذریعے بچی کو باہر نکال کر اس کے جسم میں موجود ٹیومر کی سرجری کی جائے۔ اگلے مرحلے میں سات سال کی عمر سے پہلے اس کی ایک سرجری مزید بھی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حمل کے 23 ویں ہفتے آپریشن کے ذریعے بچی ماں کے پیٹ سے نکالی گئی اور اس کے جسم میں موجود ورم نکال دیا گیا۔ اس کے بعد بچی کو دوبارہ ماں کے پیٹ میں رکھ دیا گیا اور 36 ہفتوں کے بعد دوبارہ قدرتی طریقے سے پیدا ہوئی۔حال ہی میں جنم لینے والی اس منفرد بچی کو فی الحال ڈاکٹروں کی زیرنگرانی اسپتال میں رکھا گیا تاہے تاہم وہ صحت مند اور مکمل طور پر تندرست ہے۔ پیدائش کے ایک ہفتے بعد اس کی ایک معمولی سرجری دوبارہ کی گئی ہے اس کے جسم میں موجود ٹیومر کومکمل طورپر ختم کردیا گیا ہے۔ نومولودہ کا نام لینلی رکھا گیا ہے۔