انار دانہ کے فوائد
لاہور: (ملت آن لائن) اناردانہ تیار کرنے کے لیے کھٹے اور کچے اناروں کے دانوں کو خشک کر لیا جاتا ہے۔ اس کا رنگ سفید اور ذائقہ ترش ہوتا ہے جبکہ اس کا مزاج سر دو خشک درجہ دوم ہے اس کی مقدار خوراک چھ ماشہ سے نو ماشہ تک ہے ۔
اناردانہ کے فوائد:1- اناردانہ ہاضم ہے۔ 2- بھوک لگاتا ہے۔ 3- مقوی معدہ ہے۔ صفراوی مواد کو معدہ پر اثرانداز نہیں ہونے دیتا۔ 4- صفراوی قے اور متلی میں اناردانہ کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے۔ 5- اسہال اور پیچش والے مریضوں کو اناردانہ پانی میں رگڑ کر پلانے سے شفاہوتی ہے ۔
6- خشک و ترخارش میں اناردانہ کے استعمال سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ 7- ہاضمہ کی خرابی کی صورت میں اناردانہ چھ ماشہ‘ پودینہ خشک چھ ماشہ (سبز پودینہ کی صورت میں دو تولے) اور پیاز چھ ماشہ‘ پانی میں رگڑ کر پلانے سے دو خوراکوں ہی سے ہاضمہ درست ہو جاتا ہے‘ مجرب ہے۔ 8- پودینے کی چٹنی بنانے میں اناردانہ ایک اہم جزو ہے۔
9- اناردانہ قابض ہے۔ 10- پیٹ درد میں اناردانہ پانی میں رگڑ کر نمک اور کالی مرچ حسب ضرورت ملا کر پینے سے فوراً درد دور ہو جاتا ہے۔ 11- صفراوی بخار میں پانچ تولے اناردانہ ایک سیر پانی میں بھگو کر رکھنے اور تھوڑا تھوڑا نتھار کر چینی ملا کر پینے سے پیاس کی شدت دور ہوتی ہے اور بخار کیلئے مفید ہے ۔