پاکستان:(ملت آن لائن) اور افغانستان میں پائے جانے والے شیریں انار کی مثال کہیں نہیں ملتی۔اس وقت انار کا موسم ہے، جس کا شمار پسندیدہ پھلوں میں ہوتا ہے۔ انار ذائقے میں جتنا لذیذ اور رسیلا ہوتا ہے اتنا ہی صحت کے لیے بھی مفید ہوتا ہے۔ ذائقے کے لحاظ سے اس کی تین اقسام ہیں۔ انار شیریں، انار ترش اور انار منجوش یعنی کھٹا میٹھا۔ یہ تینوں ہی اقسام صحت کے لیے فائدہ مند اور غذائی خصوصیات سے بھرپور ہیں۔ انار ایک مکمل غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس میں فائبر، پروٹین، وٹامن اور پوٹاشیئم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ انار دل و دماغ کو فرحت بخشتا ہے اور قلت خون دور کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ یہ نہ صرف خوبصورتی میں چار چاند لگاتا ہے بلکہ معدے اور جگر کی خرابی کو بھی دور کرتا ہے۔
انار خونی بواسیر یا کسی اور طریقے سے خون کے ضائع ہونے سے پیدا ہونے والی کمزوری کو فوری طور پر دور کرکے قوت بحال کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ملیریا، ڈینگی، بخار اور خون کے سرطان جیسے مریضوں کے لیے بھی یہ مفید ہے۔ جگر میں صفراء کی زیادتی، گرمی، خون کی خرابی، یرقان اور دیگر امراض کے لیے انار سے بہتر کوئی اور چیز نہیں۔ انار کھانے سے چہرے کے کیل مہاسے بھی ختم ہوجاتے ہیں اور ساتھ ہی یہ جسم میں پانی کی کمی کو بھی دور کرتا ہے ۔ یہ موٹاپے کو بھی دور کرتا ہے اور کیلوریز کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔