پنسلوانیا: ہم سب ہی چاہتے ہیں کہ ہمارا گھر صاف ستھرا اور گندگی سے پاک رہے لیکن پھر بھی کچھ گھریلو چیزیں ایسی ہیں جو جراثیم کے لیے پناہ گاہوں کا کام کرسکتی ہیں اور آپ کو بیمار بھی ڈال سکتی ہیں۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ تھوڑی سی توجہ دے کر آپ انہیں آسانی سے صاف بھی کرسکتے ہیں۔
ٹوتھ برش:
اکثر غسل خانوں میں ٹوتھ برش اور ٹوتھ پیسٹ وغیرہ رکھنے کے لیے ایک عدد ٹوتھ برش ہولڈر بھی بڑے اہتمام سے لگایا جاتا ہے لیکن اگر پابندی سے اس کی صفائی نہ کی جائے تو اس میں کئی طرح کے جراثیم، پھپھوندی اور کائی وغیرہ جمع ہوسکتے ہیں۔ اس لیے بہتر ہے کہ ہفتے میں 2 مرتبہ اسے گرم پانی میں صابن گھول کر اچھی طرح صاف کریں اور جراثیموں کو اس میں پنپنے کا موقع ہی نہ دیں۔
باتھ روم
سلیقہ مند گھروں میں غسل خانے کے باہر ایک عدد پائیدان (باتھ میٹ) بھی رکھا ہوتا ہے جس سے گیلے پیر پونچھے جاتے ہیں۔ لیکن پیروں سے اس کے اندر جذب ہوجانے والی یہی نمی (دھول مٹی کے ساتھ مل کر) اسے جراثیم کا بہترین ٹھکانہ بھی بناتی ہے۔ باتھ میٹ کو جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے اس پر وقتاً فوقتاً کھانے کا سوڈا چھڑکنا مفید رہے گا۔ علاوہ ازیں جھاڑو یا ویکیوم کلینر سے اس کی صفائی کرنے سے پہلے کم از کم 30 منٹ تک اسے کسی کھلی جگہ پر رکھیں، اگر اس جگہ پر تیز دھوپ بھی پڑ رہی ہو تو یہ اور بھی اچھا ہوگا۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ کچن سنک (جس میں رکھ کر کھانے پینے کی اشیاء اور برتن دھوئے جاتے ہیں) عام ٹوائلٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ جراثیم سے آلودہ ہوسکتا ہے۔ اس میں دھوئی جانے والی چیزوں کی باقیات جمع ہوتی رہتی ہیں جنہیں بروقت صاف نہ کیا جائے تو ان پر خطرناک جراثیم ڈیرے ڈال سکتے ہیں۔ پانی اور برتن دھونے والے عام صابن/ ڈٹرجنٹ/ محلول سے بھی ان کی صفائی نہیں ہوپاتی اس لیے آپ کو چاہیے کہ حسبِ ضرورت سفید سرکہ اور نیبو کا رس آپس میں ملائیں اور اس میں کوئی سا پرانا ٹوتھ برش ڈبو ڈبو کر ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ کچن سنک کی بھرپور صفائی ضرور کریں۔ اس طرح جراثیم بھی مرجائیں گے اور کچن سنک کی صورت بھی نکھر آئے گی۔
ریفریجریٹر کو ہوابند (سیل) کرنے کے لیے اس کے دروازے پر چاروں طرف لچکدار پلاسٹک یا ربڑ جیسی پٹی لگائی جاتی ہے۔ صفائی نہ کی جائے تو اس پر مٹی کے ساتھ ساتھ کائی بھی دکھائی دینے لگتی ہے جو مزید کاہلی برتنے پر ریفریجریٹر کے اندر تک پہنچ سکتی ہے اور اس میں رکھی ہوئی کھانے پینے کی چیزوں کو خراب کرسکتی ہے۔ اس کی صفائی کرنے کے لیے ایک عدد اسپرے گن والی بوتل میں آدھا سفید سرکہ اور آدھا پانی ملاکر رکھ لیں۔ ہفتے میں ایک بار ریفریجریٹر سیل پر اس محلول کا چھڑکاؤ کریں اور اسے 5 منٹ تک یونہی چھوڑ دیں۔ اب ایک صاف کپڑے سے اس کی صفائی کریں۔ البتہ ریفریجریٹر کا دروازہ بند کرنے سے پہلے یقین کرلیں کہ اس کی سیل مکمل طور پر سوکھ چکی ہے۔