0
کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ صرف ایک انجیکشن سے موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے عارضوں سے نجات پانا ممکن ہے؟
کم از کم اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہی دعویٰ سامنے آیا ہے۔
بارسلونا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک ہارمون FGF21 کو جسم کا حصہ بناکر جسمانی وزن میں کمی اور انسولین کی مزاحمت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
موٹاپے کے شکار چوہے پر اس طریقہ کار کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
اس ہارمون کے استعمال نے جسمانی وزن میں کمی کرکے چوہوں کی جسمانی توانائی بڑھائی اور انہیں زیادہ متحرک کردیا۔
خیال رہے کہ موٹاپا ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھانے والا عنصر ہے اور اس وقت دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے۔
اس تحقیق کے دوران چوہوں کو پہلے زیادہ چربی والی غذاﺅں کے ذریعے موٹا کیا گیا اور پھر اس ہارمون کو انجیکشن کے ذریعے جسم کا حصہ بنایا گیا۔
ایک سال تک اس کا تجربہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ جن چوہوں میں یہ ہارمون انجیکٹ کیا گیا، ان کا جسمانی وزن معمول پر آگیا۔
اسی طرح انسولین کی مزاحمت کے شکار چوہوں میں اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملی۔
محققین کا کہنا تھا کہ نتائج کافی حوصلہ افزا ثابت ہوئے تاہم انسانوں پر اس کے استعمال سے پہلے جانوروں پر مزید تجربات کیے جانے کی ضرورت ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل EMBO مالیکیولر میڈیسین میں شائع ہوئے۔