(ملت آن لائن)امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ بادام میں متعدد وٹامنز اور ایسے اجزاء ہوتے ہیں جوجسم کوصحتمند اور شخصیت کو خوبصورت بناتے ہیں‘روزانہ کچھ بادام کھانا صحت کیلئے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاکر فائدہ مند کولیسٹرول کوبڑھاتاہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج وغیر ہ کا خطرہ کم ہوتاہے۔ امریکاکی پنسلوانیاسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں بادام کھانا ایچ ڈی ایل کولیسٹرول (صحت کیلئے فائدہ مند)کی سطح کو بڑھاتاہے جبکہ دوسری جانب یہ جسم سے برے کولیسٹرول کو بھی نکال باہرکرتاہے۔ پنسلوانیا سٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدان پینی کرس ایتھرٹن نے اپنی تحقیقات کو جرنل آف نیوٹریشن میں شائع کرایا ہے ۔ اس تحقیق کے دوران پچاس کے قریب مردوخواتین کو چھ ہفتوں تک بادام کا استعمال کرایا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ 43گرام بادام کھانا اس حوالے سے مددگارثابت ہوتاہے ۔ پینی کرس کہتی ہیں کہ اس سے قبل کئی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہواہے کہ بادام کھانا خود ایل ڈی ایل کو لیسٹرول کوبھی کم کرتاہے جس کی مقدار بڑھ جائے تو دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتاہے۔