بلیو بیری کا سرکہ ڈیمینشیا کو بھگانے میں مددگار
جنوبی کوریا:(ملت آن لائن) امریکہ اور یورپ میں عام پائی جانے والی بلیو بیری اب پاکستان کے بڑے اسٹورز پر بھی دستیاب ہے۔ حالیہ چند ماہ میں اس کے دماغ و ذہن پر انتہائی مفید اثرات سامنے آئے ہیں۔ اب تازہ احوال یہ ہے کہ بلیوبیری کا سرکہ پینے یا اسے سلاد پر چھڑک کر کھانے سے دماغی خلیات (نیورونز) سرگرم ہوتے ہیں اور اس کا مستقل استعمال ڈیمینشیا سمیت کئی دماغی عارضوں کو روکتا ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق بلیو بیری کا سرکہ بننے کے عمل میں ایک خاص مرکب پیدا ہوتا ہے جو دماغ کےلیے ایک بہترین ٹانک کا درجہ رکھتا ہے۔ جنوبی کوریا میں واقع کونکوک یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے تحقیق کے بعد کہا ہے کہ بلیو بیری کا سرکہ اعصابی خلیات کو قوت دیتا ہے اور دماغ میں ایک ایسا پروٹین بڑھاتا ہے جو ڈیمینشیا میں تیزی سے ختم ہونے لگتا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں ڈیمینشیا کے 5 کروڑ سے زائد مریض ہیں اور یہ تعداد ہر 20 سال میں دگنی ہوجاتی ہے۔ اب تک اس کا کوئی باقاعدہ علاج نہیں مل سکا البتہ دواؤں سے صرف اس بیماری کی پیش رفت سست کی جاسکتی ہے۔ ریسرچ جرنل ’’ایگریکلچر اینڈ فوڈ کیمسٹری‘‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں چوہوں کو جب بلیو بیری کا یہ سرکہ دیا گیا تو ان کے دماغ میں ایک کیمیکل ’’ایسیٹائل کولائن‘‘ کی ٹوٹ پھوٹ بہت حد تک رک گئی جو ڈیمینشیا اور دیگر دماغی امراض کی وجہ بنتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ایسیٹائل کولِان دماغی خلیات کو تندرست رکھتا ہے اور یہ کیمیکل دماغی خلیات میں سگنل کو ممکن بناتا ہے۔ ڈیمینشیا کا مرض اسی کیمیکل کو نشانہ بناتا ہے۔ قبل ازیں کئی مطالعات سے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ بلیو بیری کا باقاعدہ استعمال نہ صرف یادداشت کو اچھا رکھتا ہے بلکہ نوعمر طلبا و طالبات کےلیے یہ ایک مفید دماغی ٹانک بھی ہے۔