لاہور۔4 ستمبر(اے پی پی )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو کی سربراہی میں ورلڈ بنک کے اعلی سطح کے وفد نے شرکت کی ،اجلاس میں پنجاب میں صحت، تعلیم ا ور دیگر سماجی شعبوں میں عالمی بنک کے تعاون سے جاری پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک سماجی شعبوں کی بہتری کے پروگراموں کے حوالے سے پنجاب حکومت کا ایک اہم شراکت دار ہے اورعالمی بنک کے تعاون سے پنجاب کے عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئی پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے عالمی بنک کا تعاون لائق تحسین ہے،پنجاب حکومت نے تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں ۔ تعلیم اورصحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 16 اضلاع میں سکولوں میں چھٹی سے دسویں جماعت کی طالبات کیلئے وظیفے کی رقم ایک ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے اوراس پروگرام میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کو ترجیح دی گئی ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ بچوں میں غذائی ضروریات کی کمی دور کرنے کیلئے نیوٹریشن پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں عالمی بنک کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نیوٹریشن پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا جائزہ لیا جائے ،انہوں نے کہا کہ بچوں میں غذائیت کی کمی دور کرنے کیلئے مختلف جہتوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔بچے ہمارا مستقبل ہیں اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔ وزیر اعلی نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ نیوٹریشن پروگرام کو وسعت دینے اور عالمی بنک سے اشتراک کار کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت معیار ی ہنرمندافرادی قوت کی تیاری کے مربوط پروگرام پر عمل کر رہی ہے ۔سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جا چکا ہے جبکہ2018ء تک صوبے کے لاکھوں نوجوانوں کو ووکیشنل ٹریننگ دے کر با اختیار بنایا جائے گا ۔ عالمی بنک کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں معاونت کو خوش آمدید کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے سے غربت کے خاتمے اور سماجی شعبوں کی بہتری کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے ۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک پچا موتھو الانگونے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف ویژنری لیڈر ہیں اور انہوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام بھی حکومت پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے ۔تعلیم ، صحت ، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور سماجی سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے حکومت پنجاب درست سمت آگے بڑھ رہی ہے ،ورلڈ بنک کے پروگرام لیڈر ڈاکٹر انعام الحق کی بچوں میں غذائیت کی کمی دور کرنے کے حوالے سے نیوٹریشن پروگرام کے اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی،صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور ، بیگم ذکیہ شاہ نواز، عائشہ غوث پاشا، میاں یاورزمان، چوہدری محمد شفیق ، مشیر ان خواجہ سلمان رفیق، ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری، چیئرمین بنک آف پنجاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے