خبرنامہ

بچوں میں وٹامن سی کی کمی

لاہور: (ملت آن لائن) سکروی اس بیماری کا نام ہے جو خوراک میں وٹامن سی کے نہ ہونے یا بہت کم ہونے سے پیدا ہوتی ہے۔ اس بیماری کی ایک سب سے بڑی علامت یہ ہے کہ جسم کی ہڈیوں، چہرے اور مسوڑوں سے خون نکلتا ہے۔ ہڈیوں سے خون کے نکلتے وقت بچے کو ہلنے میں درد محسوس ہوتا ہے جب اسے اٹھایا جاتا ہے یا اس کا رومال بدلا جاتا ہے تو وہ روتا ہے اگر ایسی حالت میں اس کی ایک یا دونوں ٹانگیں یا بازو حرکت نہیں کرتے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا اسے سکتہ ہو گیا ہے ۔ جو بچہ سکروی کے مرض میں مبتلا ہو تو وہ ایسی غذا کے کھانے سے جس میں وٹامن سی زیادہ ہو جلد شفایاب ہو جاتا ہے ۔ سنترے، انگور اور ٹماٹر کے رس میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔ سنترے کا رس عام طور پر زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ اس کو نہ تو ابالا جائے نہ گرمی پہنچائی جائے۔ کیونکہ گرمی سے وٹامن سی کا جوہر ضائع ہو جاتا ہے ۔ اس کو استعمال کرنے سے پہلے باریک کپڑے میں چھان لیا جائے۔ یہ غذا روزانہ چائے کے ایک چمچ سے شروع کی جائے۔ اس میں تھوڑا سا ٹھنڈا ابلا ہوا پانی ملا لیا جائے۔ اس کی یہ مقدار بتدریج بڑھا دی جائے تا آنکہ بچہ جب بارہ مہینے کا ہو جائے تو چار چمچ رس پی سکے جس میں پانی نہ ملایا جائے سکروی ایک ایسا مرض ہے کہ بچہ خواہ وہ کتنی ہی عمر کا ہو اس میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ بالغ بھی اس کے حملے سے نہیں بچتے یہ مرض چھ سے پندرہ ماہ تک کے بچوں میں جو بوتل کا دودھ پیتے ہیں اکثر پایا جاتا ہے ۔