خبرنامہ

بچوں کو جنک فوڈ کے اشتہارات سے دور رکھنا ضروری ہے: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن

جنیوا۔ 07 نومبر (ملت + اے پی پی) صحت کے عالمی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے بچوں کو موبائل ایپس، سوشل میڈیا اور ویڈیو بلاگز پر آنے والے جنک فوڈ کے اشتہارات سے دور رکھنا ضروری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ والدین کو اندازہ ہی نہیں کہ بچوں کو ہدف بنا کر اس قسم کے کتنے زیادہ اشتہارات ان ذرائع ابلاغ پر شائع اور نشر کیے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں اس طریقہ کار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں جنک فوڈ فروخت کرنے والے اپنی اشیا ء کی تشہیر کے لیے ویڈیو بلاگرزکو رقم دیتے ہیں۔ رپورٹ میں ایک امریکی جائزے کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق بلاگرز کسی برانڈ کی تشہیر کے لیے فلم یا ٹی وی کے اشتہار کے مقابلے میں زیادہ اثر رکھتے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پوکیمون گو جیسی نیم حقیقی گیمز میں بھی فاسٹ فوڈ کی مشہور دکانوں کا استعمال تشویش کا باعث ہے۔ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر جواؤ بریڈا نے کہا کہ چیزیں تیزی سے ڈیجیٹل ہوتی جا رہی ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ ضابطہ کار کے موجودہ نظام میں خلا ہے جو ہمارے بچوں کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتا۔