خبرنامہ

بچوں کوناشتہ کی عادت امراض قلب سے بچاتی ہے،فرانسیسی ماہرین

پیرس۔(ملت آن لائن) فرانس کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ باقاعدگی کے ساتھ ناشتہ نہ کرنے والے بچوں کے جسم میں کولیسٹرول اور یورک ایسڈ کی مقدار غیرمعمولی حد تک بڑھ جاتی ہے اور ان میں انسولین کے لیے مزاحمت کرنے کی طاقت متاثر ہوتی ہے جو براہ راست دل کی صحت اور خون کی شریانوں کے مسائل کا موجب بنتی ہے۔پیرس میں کی گئی ایک طبی تحقیق میں 8 سے 12 سال کے 203 بچوں کے ناشتے کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ماہرین نے بچوں میں کولیسٹرول اور یورک ایسڈ کی مقدار کا خاص طور پر جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ جسم میں انسولین کے لیے مزاحمت کرنے والے خلیات پر بھی توجہ مرکوز کی۔تحقیق سے پتا چلا کہ باقاعدگی کے ساتھ ناشتہ نہ کرنے والے 13 فیصد بچوں میں کولیسٹرول اور یورک ایسڈ کے مقدار کافی حد تک بڑھ گئی تھی۔تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ بچوں کا ناشتے میں بھاری خوراک استعمال کرنا دل کی صحت اور خون کی شریانوں کی تندرستی کا ذریعہ ثابت ہوتا ہے اور جو بچے متوازن غذا اور خوراک سے محروم رہنے کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ سے ناشتہ نہیں کرتے، ان کے دل اور خون کی شریانیں متاثرہوسکتی ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو امراض قلب سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروی ہے کہ انہیں ناشتے کا عادی بنایا جائے۔