خبرنامہ

تسلسل سے سافٹ ڈرنکس پینا انتہائی خطرناک

سان ڈیاگو (نیوز ڈیسک) اگر آپ سافٹ ڈرنکس کے شوقین ہیں تو پھر آپ کو یہ ضرور جان لینا چاہئیے کہ یہ مشروبات آپ کے دانتوں کا کیا حشر کرتے ہیں۔ امریکی شہر سان ڈیاگو سے تعلق رکھنے والے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ٹام بیرمن نے اپنے ایک حالیہ تجربے کے بعد آپ کے لئے کچھ تصاویر پیش کی ہیں، اب یہ آپ کا کام ہے کہ انہیں دیکھیں اور عبرت پکڑیں۔
انہوں نے اپنی تحقیق کے نتائج خوفزدہ کر دینے والی کچھ تصاویر کی صورت میں ویب سائٹ فیگر ون پر پوسٹ کئے ہیں۔ اس ویب سائٹ کو متعدد ڈاکٹر اپنے تجربات شیئر کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔

میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ٹام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک دانت کو ایک مشہور انرجی ڈرنک کی بوتل میں، دوسرے کو کولا ڈرنک کی بوتل میں، تیسرے کو ڈائٹ کولا کی بوتل میں اور چوتھے کو پانی سے بھری بوتل میں ڈال کر رکھ دیا۔ ان دانتوں میں سے ایک ان کی اپنی عقل داڑ بھی تھی۔ ڈاکٹر ٹام کا کہنا ہے کہ دو ہفتے کے بعد کولا ڈرنک میں رکھا گیا دانت تقریباً سیاہ ہوچکا تھا۔ ڈائٹ کولا میں رکھا گیا دانت اتنا متاثر تو نہیں ہوا البتہ یہ بھی بری طرح داغدار ضرور ہوگیا تھا، تاہم انرجی ڈرنک میں رکھے گئے دانت کی حالت انتہائی عبرتناک ہوچکی تھی۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتاہے کہ اس دانت کی اوپری سطح بالکل ادھڑ گئی تھی اور نیچے کی سطح باہر نظر آنا شرو ع ہوگئی تھی۔ ڈاکٹر ٹام کہتے ہیں کہ جو لوگ کولا اور انرجی ڈرنک زیادہ استعمال کرتے ہیں ان کے دانتوں کے ساتھ یہی ہوتا ہے۔ باہر والی سطح جسے انیمل کہتے ہیں، ضائع ہوجاتی ہے یعنی اندر والی سطح ڈینٹین کی حفاظتی تہہ ختم ہوجاتی ہے۔ جب کھانے کے ذرات اور کوئی مشروب ڈینٹین پر لگتا ہے تو دانتوں میں ناقابل برداشت درد کا احساس ہوتا ہے۔ ان تصاویر پر تبصرہ کرنے والے ایک اور ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک انرجی اور کولا ڈرنکس پینے والے لوگوں کے دانتوں کا حال واقعی یہی ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ٹام کے اخذ کردہ نتائج سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے سافٹ ڈرنکس کے شوقین لوگوں کو عبرت پکڑنے کا مشورہ دیا۔