خبرنامہ

جانور بیمار نظر آ رہا ہو تو بالکل اس کی قربانی نہ کریں۔۔طبی ماہرین کی شہریوں کو ہدایت

اسلام آباد ۔ 04 ستمبر (اے پی پی) طبی ماہرین نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کیا ہے کہ عیدقربان کیلئے صرف وہ جانور خریدیں جو منڈی میں تحقیق یا چیک اپ کے بعد آئے ہوں، جانوروں کو دیکھ بھال کر خریدیں اور یہ اطمینان کر لیں کہ کوئی ’’جوں‘‘ یا چچڑی نہ لگی ہو، یہ چچڑی ہی کانگو وائرس کو اپنے اندر رکھتی ہے اور لوگوں میں پھیلانے کا سبب بنتی ہے، جانور خریدنے کے بعد ان کو گھر کے باہر رکھیں، اگر جانور بیمار نظر آ رہا ہو تو بالکل اس کی قربانی نہ کریں، بیمار جانور کو خاص طریقے سے دفن کیا جاتا ہے اور محکمہ صحت کو یہ کام کرنے دیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق چند برسوں سے کانگو وائرس کا بہت چرچا ہ، یہ جان لیوا موذی مرض ہے اور پالتو جانوروں سے پھیلتا ہے۔ عید قربان پر ہم جو جانور خریدتے ہیں ان کے بارے میں ہم کچھ نہیں جانتے اس لئے ایسا نہ ہو کہ ہم پیسے بھی خرچ کریں اور بدلے میں یہ مہلک بیماری خرید لائیں۔ حکام نے بتایا کہ کانگو فیور ایک خطرناک بیماری ہے اور یہ جانوروں خاص طور پر پالتو جانوروں سے پھیلتی ہے اس کا وائرس متعلقہ جانوروں کے خون میں پایا جاتا ہے اس سے جانور میں توبالعموم بیماری کے آثار نظر نہیں آتے مگر اس کا خون اور گوشت اس بیماری کے پھیلنے کا سبب بنتا ہے جب یہ بیماری انسانوں کو لگ جاتی ہے تو پانچ سے چھ دنوں کے اندر بیماری کے آثار ظاہر ہونے لگتے ہیں جن میں شروع میں طبیعت میں بے چینی، ذہنی انتشار اور گلا خراب ہونا وغیرہ شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ناک سے خون بہنا، پیشاب میں خون آنا، قے اور کالے رنگ کا پاخانہ آنے لگتا ہے۔ حکام کے مطابق علاج کی صورت میں 9 سے 10 دن میں صحت یابی ہونے لگتی ہے لیکن 30 فیصد مریض موت کا شکار ہو سکتے ہیں اس لئے جانور خریدتے وقت اور قربانی کرتے ہوئے چند باتوں کا خیال رکھیں، پہلے تو لاغر و بیمار جانور ہرگز نہ خریدا جائے، جانور صاف ستھرا ہو، اگر اس کو منڈی میں لانے سے پہلے ویکیسین وغیرہ دیدی گئی ہو تو بہت مناسب ہے، قربانی کرتے ہوئے اس بات کی بھی احتیاط کی جائے کہ ذبح کرنے والے کو کوئی زخم وغیرہ ہو تو خصوصاً وگرنہ عموماً بھی احتیاط کی جائے کہ جانور کا خون جسم کو نہ لگے، بہتر ہے کہ دستانے پہن کر جانور کو ذبح کیا جائے اور بیمار جانور کا گوشت کھانے سے پرہیز کیا جائے اور اگر خدانخواستہ جانور میں مرض کے آثار ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے اس لئے صحت مند لوگ بھی مریض کے قریب جانے کی صورت میں ماسک اور دستانے استعمال کریں تاکہ و ہ مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ محکمہ صحت کے حکام نے عید قربان کیلئے خریداری کے وقت مختلف احتیاطی تدابیر دی ہیں جس کے مطابق وہ جانور خریدیں جو منڈی میں تحقیق یا چیک اپ کے بعد آئے ہوں، جانوروں کو دیکھ بھال کر خریدیں اور یہ اطمینان کر لیں کہ کوئی ’’جوں‘‘ یا چچڑی نہ لگی ہو، یہ چچڑی ہی اس وائرس کو اپنے اندر رکھتی ہے اور لوگوں میں پھیلانے کا سبب بنتی ہے۔ محکمہ صحت نے جانور خریدنے کے بعد بھی چند احتیاطی تدابیر عوام کیلئے جاری کی ہے جس کے مطابق عید قربان کیلئے جانور خریدنے کے بعد ان کو گھر کے باہر رکھیں، اگر جانور بیمار نظر آ رہا ہو تو بالکل اس کی قربانی نہ کریں، بیمار جانور کو خاص طریقے سے دفن کیا جاتا ہے اور محکمہ صحت کو یہ کام کرنے دیں۔