خبرنامہ

جرابیں پہن کر سوئیں اور صحت پائیں

لندن (نیوز ڈیسک) نیند کی خرابی اور ازدواجی فرائض کی ادائیگی میں مشکلات جیسے مسائل عام پائے جاتے ہیں اور لوگ ان کے حل کے لئے ڈاکٹروں کی مدد اور مہنگی ادویات کا سہارا لیتے نظر آتے ہیں، لیکن سائنسدانوں نے ان مسائل کا ایک انتہائی دلچسپ اور آسان ترین حل بتادیا ہے۔
اخبار دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف گروننگن کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر آپ رات کو سونے سے قبل جرابیں پہن لیں تو نیند بہت جلد اور آسانی سے آئے گی، لیکن اس سے بھی بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ آپ کی ازدواجی زندگی پرمسرت بن جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جرابیں پہننے سے پاﺅں گرم ہوتے ہیں تو ان میں موجود خون کی شریانیں اور وریدیں پھیل جاتی ہیں۔ شریانوں اور وریدوں کے پھیلاﺅ سے دماغ کو پیغام ملتا ہے کہ یہ نیند اور آرام کا وقت ہے، جس کے نتیجے میں مخصوص ہارمون خارج ہوتے ہیں۔ا س عمل سے ناصرف اچھی نیند آتی ہے بلکہ جنسی تحریک پیدا کرنے والے ہارمونز کی بھی افزائش ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق رات کے وقت جرابیں پہننے والے جوڑوں میں دوران خون اور ہارمونز کی افزائش میں بہتری آنے کی وجہ سے ازدواجی فرائض کے پراطمینان اختتام کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

اس تحقیق کے سلسلے میں کئے گئے تجربات سے معلوم ہوا کہ رات کو جرابیں نہ پہننے والے جوڑوں میں کامیاب اور پراطمینان ازدواجی تعلق کی شرح صرف 50 فیصد تھی جبکہ اس کے برعکس جرابیں پہننے والوں میں یہ شرح 80 فیصد تک تھی۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اچھی نیند اور پرمسرت ازدواجی زندگی کے لئے رات کے وقت جرابیں ضرور پہنیں، البتہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ 24 گھنٹے جرابیں پہنے رہیں کیونکہ ایسا کرنا پیروں کی جلد کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔