پینسلوانیہ:(ملت+اے پی پی) جسم میں فولاد کی کمی کو فولادی انیمیا کہا جاتا ہے جس کے بدن پر منفی اثرات ہوتے ہیں لیکن اب نئی خبر یہ ہے کہ فولاد کی کمی سے سماعت بھی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔ ایک نئے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ جن افراد کے خون میں فولاد کی مسلسل کمی ہو تو ان میں سننے کی حس متاثر ہوسکتی ہے۔ جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نے اپنی 29 دسمبرکی اشاعت میں ایک مقالہ شائع کیا ہے جس میں پینسلوانیا کے شہر ہارشے میں 21 سے 90 برس کے 3 لاکھ افراد کا طبی ڈیٹا پڑھا گیا ہے۔ اس مطالعے سے انکشاف ہوا کہ جن افراد میں فولاد ( آئرن) کی کمی تھی ان میں سماعت کی کمزوری کو نوٹ کیا گیا۔ ماہرین نے سماعت کی کمی کو تین اقسام میں بیان کیا ہے۔ پہلا سینسری نیورل ثقلِ سماعت ہے جو اندرونی کان، کان سے دماغ جانے والے اعصاب یا دماغ کی اندرونی خرابی سے پیدا ہوتا ہے۔ دوسری صورت کنڈکٹو ثقلِ سماعت ہے جس میں آواز کان سے گزر کر پردے تک پہنچ ہی نہیں پاتی اور تیسری قسم میں یہ دونوں کیفیات ہوتی ہیں جنہیں مشترکہ (کمبائنڈ) ثقلِ سماعت کہا جاتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کے خون میں فولاد معمول سے کم ہو ان میں دیگر صحت مند افراد کے مقابلے میں (مشترکہ) سماعت کی بیماری کا خدشہ 2.4 ہوتا ہے۔ اسی طرح ان میں سینسری نیورل عارضہ 1.8 گنا تک ہوتا ہے۔ یہ تحقیق پینسلوانیہ اسٹیٹ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کے سائنسدانوں نے کی ہے جن کا خیال ہے کہ فولاد کی کمی سے کان کے اندر خون کی باریک باریک رگیں متاثر ہوتی ہیں اور اس طرح دھیرے دھیرے سننے کی قوت کم سے کم ہوتی جاتی ہے اور اونچا سننے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ عصبی خلیات ( نیورونز) پر چڑھی ایک پرت بھی فولاد کی کمی سے تباہ ہوجاتی ہے اور سننے کے عمل کو متاثر کرتی ہے۔ بدن میں فولاد کی کمی کو دور کرنا بہت آسان ہے۔ ضروری ہے کہ غذاؤں میں مرغ کلیجی، مچھلی اور صدفے، کاجو اور مونگ پھلی ، گوشت، ہری پھلیاں اور گہرے ہرے رنگ والی سبزیاں استعمال کی جائیں۔