جسم کی چربی گھلانے والا حیرت انگیز اسٹیکر
سنگاپور:(ملت آن لائن) سائنس دانوں نے ایسا حیرت انگیز پیوند (پیچ) بنایا ہے جسے بدن سے چپکا کر جسم کی چربی کم کی جاسکتی ہے۔ننیانگ یونیورسٹی سنگاپور کے سائنس دانوں نے الیکٹرونک اسٹیکر کو چوہوں پر آزمایا ہے۔ ایک پیوند کے اندر سیکڑوں انتہائی باریک سوئیاں ہیں جن میں دو میں سے کوئی ایک دوا بھری ہوئی ہے۔ یا تو ان سوئیوں میں بی ٹا ایڈرنرجک ریسپٹر ہے یا پھر ٹی تھری ٹرائی آئیوڈوتھائرو نائن نامی تھائی رائیڈ ہارمون بھرا گیا ہے۔ یہ دونوں ہارمون سخت جان سفید چربی کو بھوری (براؤن) چربی میں تبدیل کردیتے ہیں جسے بدن زیادہ بہتر انداز میں ختم کردیتا ہے۔ اگر یہ دونوں ہارمون منہ کے ذریعے کھائے جائیں تو اس کے سنگین منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اسی وجہ سے یہ پیوند تیار کیا گیا ہے۔
تجرباتی طور پر اسے موٹے چوہوں پر دومنٹ تک لگایا گیا تو مائیکرونیڈلز (باریک سوئیاں) ٹوٹ کر بدن میں پیوست ہوگئیں۔ یہ سوئیاں انسانی بال سے بھی باریک ہیں جن سے کوئی خاص تکلیف نہیں ہوتی۔ سوئیاں آہستہ آہستہ گھل کر ختم ہوجاتی ہیں اور دھیرے دھیرے براہِ راست دوا جسم میں داخل کرتی ہیں۔ اس طرح چربی تیزی سے گھلتی ہے۔چار ہفتوں تک ماہرین نے اسے چوہوں پر آزمایا تو چکنائی سے بھرپور غذا کھانے والے موٹے چوہوں کے جسم کی 30 فیصد تک چکنائی کم ہوگئی۔ دیگر موٹے چوہوں کے مقابلے میں دوا سے نہ صرف چوہوں کی چکنائی کم ہوئی بلکہ ان کا کولیسٹرول بھی کم ہوا۔
تحقیق کے مرکزی ماہر اور یونیورسٹی کے معاون پروفیسر ژو چینجی نے بتایا، ’مائیکرو نیڈلز سے چوہوں کی سفید چکنائی صرف پانچ دن میں بھوری چربی میں بدل گئی اور وہ توانائی میں تبدیل ہونے لگی اور اس طرح ان کی چربی کم ہوئی۔‘ دوسری جانب ماہرین نے اس میں کم دوا ڈالی ہے تاکہ وہ جسم میں آہستگی سے جذب ہوجائے اور اس کے سائیڈ ایفیکٹس بھی کم ہوسکیں۔
قبل ازیں کولمبیا یونیورسٹی اور نارتھ کیرولائنا یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی جلد کا ایک پیوند تیار کیا تھا جو جسمانی چربی کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ تاہم اس کی افادیت منظرِ عام پر نہ آسکی۔