نیویارک:(ملت آن لائن) ماہرین صحت کے مطابق چینی، نمک، مشروبات کا بہت زیادہ استعمال قبل از وقت بالوں میں سفیدی کا باعث بن سکتا ہے۔
کم عمری میں بالوں کا سفید ہونا عام مسئلہ بن چکا ہے، طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ کی خوراک میں بہت زیادہ چینی سے بنی غذائیں شامل ہیں تو یہ بالوں کو سفید کرنے کی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق صحت مند بالوں کے لیے وٹامن ای لازمی ہے مگر چینی اس وٹامن کے جذب ہونے کے عمل کو روک دیتی ہے، اس لیے بال سفید ہونا شروع ہوجاتے ہیں، چینی کا استعمال کم کرکے بالوں کو سفید ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسم میں کاپر کی کمی بالوں کی سفیدی کا سبب بن سکتی ہے، یہ مشروم، جھینگوں، کلیجی، دالوں، بادام، خشک خوبانی، ڈارک چاکلیٹ اور سورج مکھی کے بیجوں میں پایا جاتا ہے۔
نمک کا استعمال جسم کے اندر پانی کے توازن کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے تاہم اس کی بہت زیادہ مقدار کو جزو بدن بنانا مختلف منفی اثرات کے ساتھ ساتھ بالوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے جن میں بالوں کی قبل ازوقت سفیدی قابل ذکر ہے۔
مشروبات بھی قبل ازوقت بالوں کی سفیدی کا باعث بنتے ہیں، یعنی ایسے مشروبات جو چینی، مصنوعی مٹھاس اور کلر سے بھرپور ہوتے ہیں، روزانہ کا استعمال یہ خطرہ بڑھا دیتا ہے جبکہ دانتوں کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔