خبرنامہ

حکومت ٹی بی کے سدباب کے لئے اقدامات کر رہی ہے: وزارت صحت

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک بھر میں ٹی بی کے سدباب کے لئے گلوبل فنڈ گرانٹ کے ذریعے اقدامات اٹھا رہی ہے‘ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کے سپرد ہے‘ جہاں جہاں ہسپتال موجود ہیں ان کی بہتری کے لئے صوبوں کو اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر درشن نے کہا کہ ملک بھر میں 2015ء میں مجموعی طور پر تین لاکھ 23 ہزار 267 اور جون 2016ء تک ایک لاکھ 87 ہزار 741 مریض سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلوبل فنڈ گرانٹ کے ذریعے صوبوں کو ٹی بی کے مرض کے سدباب کے لئے امداد دے رہی ہے۔ خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کے لئے بارہ نئے ہسپتال تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر درشن نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کے پاس چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں پہلے ہسپتال موجود ہیں ان کی صورتحال کی بہتری کے لئے صوبوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ شیر اکبر خان کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے کہا کہ وزیراعظم نے صوبوں کو اعتماد میں لے کر ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں جہاں صوبے کہیں گے وہاں ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔