خبرنامہ

دارچینی موٹاپا بھی ختم کرسکتی ہے

دارچینی موٹاپا بھی ختم کرسکتی ہے
مشی گن:(ملت آن لائن) ماہرین نے کہا ہے کہ غذا میں دارچینی کا استعمال بڑھادیں کیونکہ اس کے بہت سے حیرت انگیز فوائد ہیں۔ ایک جانب یہ ذیابیطس کے مرض سے بچاتی ہے تو دوسری جانب جسم ک اضافی چربی گھلانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
یونیورسٹی آف مشی گن میں واقع لائف سائنسس انسٹی ٹیوٹ (ایل ایس آئی) کے سائنسداں جُن وو اور ان کے ساتھیوں نے دارچینی میں موجود ایک مرکب سینامیلڈیہائیڈ کو چربی کے خلیات (فیٹ سیلز) پر آزمایا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے یہ مرکب موٹے چوہوں پر بھی آزمایا اور بتایا ہے کہ اس سے چکنائی والے خلیات تیزی سے ختم ہوسکتے ہیں۔
ماہرین نے نے بتایا ہے کہ دارچینی میں موجود مرکب سینامیلڈیہائیڈ براہِ راست چکنائی پر اثر ڈال کر اسے گھلاتا ہے اور یہ عمل ’’تھرموجنیسس‘‘ کہلاتا ہے۔ اس طرح جسم میں جمع ہونے والی چکنائی کا مؤثر حل سامنے آیا ہے۔ تحقیقی ٹیم کے مطابق دارچینی انسانی جسم کے اندر تھرموجنیسس کا عمل شروع کردیتی ہے۔ دارچینی کئی طرح کے جین اور اینزائم کوسرگرم کرتی ہے جو فربہ بنانے والی چربی کم کرتے ہیں۔
دارچینی کے بارے میں یہ ماہر کہتے ہیں کہ چربی کم کرنے میں یہ گھریلو مصالحہ کسی بھی دوا سے کم نہیں اور جلد ہی اسے موٹاپے کے خلاف بطور دوا استعمال کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ دارچینی کا ضرورت سے زیادہ استعمال کسی دیگر مسئلے کی وجہ بن سکتا ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 2002 میں پاکستانی شہر پشاور میں ہونے والی ایک تحقیق سے پہلے ہی یہ ثابت ہوچکا تھا کہ دارچینی ٹائپ ٹو ذیابیطس کم کرنے میں لاجواب ثابت ہوتی ہے اور اگر روزانہ کھانے کے ساتھ صرف آدھا چمچہ دار چینی شامل کرلی جائے تو اس سے ذیابیطس کو قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔