خبرنامہ

دار چینی کے چھ حیران کُن فوائد

دار چینی کے چھ حیران کُن فوائد
لاہور:(ملت آن لائن) دارچینی کا شمار دنیا بھر میں استعمال ہونے والے معروف ترین مصالحہ جات میں ہوتا ہے۔ اس کی خوشبو دنیا کی بہترین خوشبوئوں میں سے ایک شمار کی جاتی ہے۔ دارچینی ہر گھر کے باورچی خانے میں موجود ہوتی ہے ۔ اس کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے چھ یہاں درج ہیں۔
دل کی صحت کے لیے بہترین
جدید تحقیقوں سے ثابت ہوا ہے کہ دار چینی دل کی بیماریوں کے اسباب کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ دارچینی کے استعمال سے کولیسٹرول لیول اور بلند فشارِ خون بھی قابو میں کیا جاسکتا ہے۔ دار چینی خون کے بہائو کو بہتر کرتی ہے اور جسمانی ٹشو کو اپنی مرمت کرنے میں مدد کرتی ہے۔
دارچینی ذیابطیس سے بچاتی ہے
دارچینی ذیابطیس کو بھی قابو میں رکھتی ہے۔ اس کا باقائدہ استعمال خون میں شوگر لیول کو کم کرتا ہے۔ دارچینی ایسے انزائمز کی روک تھام کرتی ہے جو خون میں شوگر کی مقدار کو بڑھاتے ہیں۔
کینسر سے بچائو میں مددگار
دارچینی کینسر سے بچائو میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق دارچینی میں سینامیلڈیہائیڈ نامی ایک مرکب ہوتا ہے جو کہ کینسر کو بڑھنے سے روکتا ہے اور ڈی این اے میں تبدیلی کے خلاف بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
دانتوں کو صحت مند بناتی ہے
دار چینی منہ کی بدبو کو کم کرتی ہے اور دانتوں کو مضبوط بناتی ہے۔ اس کے علاوہ دارچینی دانتوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔ کئی کمپنیاں اپنی چیونگ گم میں دار چینی کا استعمال کرتی ہیں۔
جلد کو خوبصورت بناتی ہے
دارچینی کے اینٹی بائیوٹک اور اینٹی مائیکروبئیل اثرات کی وجہ سے اسے میک اپ کی اشیاء میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اکثر لوگ دارچینی کو پیس کر دیگر اجزاء کے ساتھ ملا کر چہرے پر بھی لگاتے ہیں جس سے چہرے پر نکھار پیدا ہو جاتا ہے۔
وزن کم کرتی ہے
یونیورسٹی آف مشی گن کی ایک تحقیق کے مطابق دارچینی میں شامل سینامیلڈیہائیڈ نامی مرکب وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ مرکب انسانی جسم کے میٹابولزم کو تیز کرتا ہے اور تھرموگینیسز نامی عمل کی بدولت خلیوں میں کیلوریز جلانے کے عمل کو شروع کرتا ہے۔