لندن۔(ملت آن لائن) برطانوی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ دفاتر میں کھڑے ہو کر کام کرنے والے ملازمین بیٹھ کر کام کرنے والوں کی نسبت زیادہ صحت مند، تندرست اور ہشاش بشاش رہتے ہیں۔ لیسٹر یونیورسٹی کے ماہرین صحت کی جانب سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایسے افراد جو دن کے اوقات میں دفتروں میں کام کے دوران بیٹھنے کے بجائے کھڑے ہو کام کو ترجیح دیتے ہیں ان کی صحت بیٹھ کر کام کرنے والوں کی نسبت زیادہ بہتر رہتی ہے جب کہ بیٹھ کر کام کرنے والے افراد ذیابیطس، امراض قلب، سرطان یا دیگر امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔ تازہ ترین تحقیق کے دوران 77 ایسے ملازمین کو شامل کیا گیا جو یا تو کھڑے کھڑے زیادہ دیر تک کام کرتے ہیں یا ان کے کام کی نوعیت ایسی ہوتی ہے جس میں وہ متحرک رہتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی صحت دیر تک بیٹھے رہنے والے لوگوں سے مختلف ہوتی ہے۔رپورٹ کی تیاری کے دوران مختلف ادوار کے کام کرنے والوں اور ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں چند روز تک کھڑے رہ کر کام کرنے والے، تین ماہ، چھ ماہ اور ایک سال تک کام کرنے والوں کی صحت سے متعلق بیانات لیے گئے۔ جس سے معلوم ہوا کہ کھڑے ہو کر کام کرنے والے ملازمین بیٹھ کر کام کرنے والوں کی نسبت زیادہ صحت مند، تندرست اور ہشاش بشاش پائے گئے۔