خبرنامہ

دل کے عارضے سے آپ بچ سکتے ہیں بشرطیکہ..ڈاکٹر آصف محمود جاہ

’’چھاتی کے درمیان میں اچانک درد محسوس ہوا، چبھنے والا درد بڑھتا گیا اور بائیں بازو میں بھی محسوس ہونے لگا۔ اس کے ساتھ ٹھنڈے پسینے آنے شروع ہوگئے۔ ایسا لگا کہ جیسے چھاتی جکڑی ہوئی ہے۔ درد کی شدت سے وہ ادھ موا ہوا جا رہا تھا۔ سب نے ہارٹ اٹیک کا شک کیا۔ فوری طور پر ہسپتال بھجوایا ،جہاں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں علاج کیا گیا، جس سے مریض کی جان بچ گئی‘‘یہ علامات ہارٹ اٹیک، یعنی دل کے دورے کے ساتھ مخصوص ہیں۔دل کے دورے یا ہارٹ اٹیک میں اگر فوری علاج نہ کیا جائے، تو فوری موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ علامات:ہارٹ اٹیک کی بڑی بڑی علامات میں چھاتی کے درمیان سخت درد، سانس کا پھول جانا، ٹھنڈے پسینے آنا وغیرہ شامل ہیں،لیکن بعض اوقات ہارٹ اٹیک میں درد نہیں ہوتا اور چھاتی میں معمولی درد سے دل کا دورہ پڑ جاتا ہے۔ اس طرح ذیابیطس کے مریضوں میں تو ہارٹ اٹیک کا بالکل پتہ نہیں چلتا کیونکہ انہیں درد کا بالکل احساس نہیں ہوتا۔ بیماری کا علاج اور بچائو:اگر کسی شخص کو اچانک سینے میں درد اٹھے اور چھاتی جکڑی جائے ،تو فوراً کسی مستند ڈاکٹر یا ہسپتال سے رجوع کرنا چاہیے چونکہ ہارٹ اٹیک میں شریانوں میں رکاوٹ ہو جاتی ہے، بعض اوقات شریانوں میں رکاوٹ دور کرنے والا انجکشن دے کر جان بچالی جاتی ہے۔ بیماری کے مکمل علاج کے لیے ڈاکٹر کی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے۔ ہارٹ اٹیک اور دل کی بیماریوں سے بچائو کی کچھ تجاویز مندرجہ ذیل ہیں: ٭روزانہ وزش کو معمول بنا لینا چاہیے۔ اس سے جسمانی صحت ٹھیک رہتی ہے۔ 40 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بہت زیادہ سخت ورزش نہیں کرنا چاہیے۔ ٭ذیابیطس اور ہائی بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ خاص طور پر محتاط رہیں اور اپنا ریگولر چیک اپ کرواتے رہیں۔ ٭اگر آپ دل کی بیماریوں، مثلاً :ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک اور اس سے بھی بڑھ کر پھیپھڑے کے کینسر سے بچنا چاہتے ہیں ،تو لازمی طور پر آج سے ہی سگریٹ نوشی کوخیرباد کہہ ڈالیں۔ کل کا انتظار مت کریں