خبرنامہ

دودھ اورلہسن کے شربت کے وہ فوائد جس سے آپ لاعلم تھے

کراچی:(ملت+اے پی پی) دودھ میں لہسن ملا کر تیار کیا جانے والا مشروب آپ کو ایک دو نہیں بلکہ درجنوں بیماریوں اور صحت کے لاتعداد مسائل سے چھٹکارا دلائے گا۔ دودھ میں لہسن ملانے کا خیال شاید آپ کو عجیب سا لگے اور آپ یہ بھی سوچیں کہ ایسا کرنے سے دودھ پھٹ جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوگا بلکہ یہ قدرتی مشروب آپ کی صحت کو بے مثال فائدے پہنچائے گا۔ اجزاء: لہسن کے جوے: 10 عدد ؛ دودھ: آدھا لیٹر شکر: 2 سے 3 چائے کے چمچے پانی: 250 ملی لیٹر تیاری کا طریقہ: سب سے پہلے لہسن کے جووں کو اچھی طرح سے کچل کر پیسٹ جیسی شکل میں لے آئیں، ایک برتن میں دودھ اور پانی ڈال کر اس میں لہسن کا پیسٹ اچھی طرح ملا لیں، اب اس برتن کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور گرم کرتے دوران چمچے سے ہلاتے رہیں، یہاں تک کہ سارا آمیزہ ابلنے لگے، اب چولہا بند کرکے اس آمیزے کو چھان لیں اور اس میں شکر ملالیں۔ دھیان رہے کہ لہسن اور دودھ کا یہ شربت آپ کو نیم گرم حالت میں پینا چاہیے۔ اس طریقے پر عمل کرتے ہوئے روزانہ لہسن والے دودھ کا مشروب بنائیں اور دی گئی ہدایات کے مطابق استعمال کریں۔ صحت بخش فوائد: بظاہر آسانی سے تیار ہوجانے والا یہ مشروب آپ کی صحت کے لیے ان گنت فائدوں کا خزانہ ہے جن میں سے 4 فوائد نمایاں ہیں۔ کھانسی کا علاج: اس مشروب میں تھوڑی سی ہلدی ملاکر پینے سے نہ صرف معمول کی موسمی کھانسی میں افاقہ ہوتا ہے بلکہ وہ کھانسی جو طویل مدت سے لاحق ہو اور جان نہ چھوڑرہی ہو اس کی شدت میں بھی نمایاں طور پر کمی آجاتی ہے۔ کولیسٹرول پر کنٹرول: یہ مشروب خون میں مضر چکنائی (ایل ڈی ایل) کو گھٹاتا ہے جب کہ مفید چکنائی (ایچ ڈی ایل) میں اضافہ کرتا ہے۔ یعنی جسم میں کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں بہترین ہے۔ جوڑوں کے درد اور گٹھیا کا علاج: لہسن والے دودھ کا روزانہ استعمال جوڑوں میں سوزش کے علاوہ گٹھیا کے درد میں بھی کمی لاتا ہے۔ دمے کا علاج: دمے سے چھٹکارا پانے کے لیے یہ مشروب پینے کے علاوہ رات کو سونے سے پہلے لہسن کے تین جوے کھائیں جس سے بہت افاقہ ہوگا۔ امراضِ قلب: ایل ڈی ایل کہلانے والی چکنائی (کولیسٹرول) مضرِ صحت ہوتی ہے اور ہائی بلڈ پریشر کے علاوہ دل کی بیماریوں کی وجہ بھی بنتی ہے۔ یہ مشروب ایل ڈی ایل کو کم کرتے ہوئے دل کو تقویت بھی پہنچاتا ہے۔ بہتر نتائج کے لیے لہسن والا دودھ تیار کرنے کے لیے کم چکنائی والا دوھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ نمونیا سے تحفظ: لہسن والے دودھ کا دن میں تین مرتبہ استعمال نمونیا کا بہترین گھریلوعلاج بھی ہے۔ بے خوابی سے بچاؤ: لہسن والا دودھ آپ کو سکون پہنچاتا ہے اور نیند کا باعث بنتے ہوئے بے خوابی سے بھی بچاتا ہے۔ ہاضمے میں مدد: لہسن میں جراثیم کش خصوصیات کے علاوہ بیماریوں کے خلاف ہمارے جسم کو مضبوط بنانے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس میں شامل قدرتی مادّوں کی بدولت معدے میں ہاضمہ کرنے والی رطوبتوں (گیسٹرک جوسز) کے اخراج میں اضافہ ہوتا ہے جس سے نہ صرف ہاضمہ بہتر ہوتا ہے بلکہ ہیضے سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ پھیپھڑوں کی ٹی بی کا علاج: لہسن میں سلفر کی موجودگی اسے ٹی بی کے علاج میں اکسیر بناتی ہے۔ پھیپھڑوں کی ٹی بی سے چھٹکارا پانے کے لیے لہسن اور دودھ کا مشروب قدرے مختلف انداز سے بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے لہسن کا ایک گرام پیسٹ، 240 ملی لیٹر دودھ اور ایک لیٹر پانی کو آپس میں ملاکر ہلکی آنچ پر ابالیے، یہاں تک کہ یہ پورا آمیزہ اپنی ابتدائی مقدار کے مقابلے میں ایک چوتھائی (¼) رہ جائے۔ اس مشروب کو پورے دن میں تین مرتبہ استعمال کرتے ہوئے ختم کریں۔ یرقان/ پیلیا سے مقابلہ: لہسن اور دودھ کا یہ مشروب پورے ہفتے استعمال کرنے سے یرقان/ پیلیا/ جوائنڈس بھی ختم ہوجاتا ہے کیونکہ لہسن میں جسم سے زہریلے مادے ختم کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے جو یرقان کا قلع قمع کرنے میں کارآمد ہے۔ اس کے علاوہ لہسن میں شامل سلفر بھی جگر کو تقویت پہنچاتے ہوئے یرقان کی شدت میں کمی لاتا ہے۔ مزید یہ کہ لہسن میں سیلینیئم اور ’’ایلیسین‘‘ نامی مادّہ بھی پائے جاتے ہیں جو دونوں مل کر جگر سے صحت بخش رطوبتوں کا اخراج بڑھانے میں مدد کرتے ہیں۔ ایلیسین بذاتِ خود بہت مفید ہے کیونکہ یہ ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور کینسر تک کا علاج کرنے میں بے حد مفید ہے۔ اعصابی درد میں کمی: شیاٹیکا ایک خاص طرح کا اعصابی درد ہے جو ریڑھ کی ہڈی سے شروع ہوکر ٹانگوں تک پہنچتا ہے اور شدید اذیت کی وجہ بنتا ہے۔ لہسن والے دودھ کا باقاعدہ استعمال شیاٹیکا میں بھی کمی کا باعث بنتا ہے۔