خبرنامہ

رونا صحت کے لیے مفید ہے، طبی ماہرین

لندن ۔(ملت آن لائن) ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رونا انسانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔ اس لیے ہر ایک کو ہفتے میں کم سے کم ایک بار ضرور رونا چاہیے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق جاپان میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ رونے سے نفسیاتی دباؤ اور روزمرہ زندگی کی تھکاوٹ دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ رونے والا شخص رونے کے بعد خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے۔ تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ رونا ہنسنے، سونے، آرام کرنے اور کافی کا ایک کپ پینے سے بہتر ہے۔ رونے سے روزمرہ کا دباؤ کم ہوتا اور زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ رونے کے لیے ماہرین تجویز پیش کرتے ہیں کہ رونے کی کوشش کے دوران آنکھوں سے آنسوؤں کا بہنا بھی ضروری ہے۔ یہ تحقیق برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ میں شائع کی گئی ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ جاپان کا ھیدفومی یوشیدافی نامی شہری لوگوں کو رلانے کا ماہر ہے۔ وہ لوگوں کو رونے کے طریقے سکھانے کے ساتھ اس کے فوائد کے بھی لیکچر دیتا ہے اور اپنے طلباء کو آنسو بہانے کے انداز سکھاتا ہے۔ یوشیدا کا کہنا ہے کہ اثر انگیز موسیقی سننا، دکھی فلمیں دیکھنا، رلا دینے والی کہانیاں پڑھنا سب روزمرہ زندگی کا بوجھ کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس سے انسانی مزاج میں نرمی، دل کی دھڑکن کی رفتار میں کمی اور دماغی صحت بہتر ہوتی ہے۔ جاپانی ماہرنفسیات کا کہنا ہے کہ ہفتے میں کم سے کم ایک بار رونا پرسکون زندگی اور خود کو نفسیاتی دباؤ سے بچانے کے لیے کافی ہے۔