سائیکلنگ جنسی صحت پر منفی اثرات مرتب نہیں کرتی، تحقیق
لندن:(ملت آن لائن) برطانیہ میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سائیکل چلانے سے مردوں کی جنسی صحت یا پیشاب کے نظام پر کسی قسم کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
یورولوجی نامی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق تحقیق کاروں نے تیراک اور رنر (دوڑنے والے) سے سائیکلسٹ کا موازنہ کیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ سائیکلنگ کرنے والوں کی جنسی صحت بھی ویسے ہی ہوتی ہے جیسا کہ دوسروں کی اور یہ عمل صحت کے لیے نقصان دہ نہیں۔
اس حوالے سے محققین نے برطانیہ، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے 2774 سائیکلسٹ کا 539 تیراکوں اور 789 رنرز سے موازنہ کیا جس میں جنسی صحت اور پیشاب کے نظام کے نتائج اخذ کیے گئے۔ معلوم ہوا کہ تینوں گروپس پر اس کے منفی اثرات نہیں پڑتے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ہم سابقہ تحقیقات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز کر رہے ہیں کہ سائیکلنگ مردوں کی جنسی صحت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں کرتی اور اس کے فوائد خطرات سے کہیں زیادہ ہیں۔