خبرنامہ

سمندرکو فیکٹریوں کے فضلے سے بچانے کیلیے منصوبہ تیار

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی حکومت نے سمندری حیات کے بچاؤ کے لیے 1 کھرب روپے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کا ڈی جی پورٹ قاسم اور نیوی کو ٹاسک دیا جائے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سندھ حکومت سے جوائنٹ وینچر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کروڑوں گیلن گندا پانی سمندر میں جا رہا ہے جس کی وجہ سے سمندری حیات اور مینگرووز کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، اس وقت کراچی میں 5 بڑے نالے ہیں اور 18 کلو میٹر کے ایریا میں گندگی پھیل رہی ہے جس میں انڈسٹریل زون بھی شامل ہے، سمندر میں گندگی کی بھرمار کی وجہ سے دفاعی حوالے سے بھی آبدوزوں کو مشکلات کو سامنا ہے وفاقی حکومت نے سمندری حیات کے بچاؤ کے مقصد سے اس گندگی کو صاف کرنے کے لیے 1کھرب روپے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، انڈسٹری کو ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرنے کا پابند بنایا جائے گا، ڈی جی پورٹ قاسم اور نیوی کو ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ حاصل بزنجو نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ اس حوالے سے وزیراعظم نے سندھ حکومت سے بات کرنے کا کہا ہے تاکہ وفاق اور صوبہ جوائنٹ وینچر کر کے اس اہم مسئلے کو حل کرسکیں، سندھ کے ذمے چھوٹا سا شیئر ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 60کروڑ گیلن گندگی سمندر میں جا رہی ہے، ماحول کے متعلق لوگوں میں شعور و آگہی کے لیے عید کے بعد سیمینار کریں گے، اس مسئلے کی وجہ سے فشریز، مینگروز تباہ ہو رہے ہیں اور آبدوز کو بھی مسائل پیش آتے ہیں، اس منصوبے پر ورکنگ کا ٹاسک ڈی جی پورٹ قاسم اورنیوی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔