خبرنامہ

شہباز شریف کی ہدایات پر ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے،ڈپٹی کمشنر اٹک

اٹک (ملت + اے پی پی) ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔ ضلع کے تمام سرکاری شفاخانوں میں ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں، ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جارہا ہے تاکہ ان ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارپنڈی گھیب تحصیل ہیڈ کواٹرہسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جنڈ چوہدری محمد ارشد اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ پنڈی گھیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی ایمر جنسی وارڈ میں ادویات اور دیگر تمام سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں تمام ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں۔ ڈی سی اٹک نے اس موقع پر ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر موجود مریضوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کے دوران یونیفار م پہننے کو یقینی بنائیں اور مریضوں کی خدمت دینی اور ملی فریضہ سمجھ کر ادا کریں ۔ انہوں نے ہسپتا ل کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں موجود مشینری اور طبی آلات کو نہایت احتیاط سے استعما ل کریں تاکہ یہ مشینری اور آلات طویل عرصے تک مستعمل رہ سکیں۔ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال کے میڈیکل سٹور کا بھی معائینہ کیا اور وہاں پر موجود ادویات کے سٹاک کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دور دراز کے دیہی علاقوں کے عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے او ر اس سلسلے میں دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت کو بھی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ دیہی عوام کو بھی صحت کی سہولیات ان کے اپنے علاقوں میں بہم پہنچائی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ دن دور نہیں جب صوبہ پنجاب کے عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں جدید ترین طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔