خبرنامہ

شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں عالمی دن برائے ذیابیطس کی مناسبت سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا

لاہور (ملت + آئی این پی) دنیا بھر میں ذیابیطس کے مرض کے بارے میںآگہی و شعور بیدار کرنے کیلئے عالمی دن منایا گیا۔ شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں بھی شعبہ برائے امراض ذیابیطس کی زیر نگرانی فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔جس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زیدمیڈیکل کمپلیکس لاہور نے کیا۔ اس موقع پر سربراہ شعبہ میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر ضیاء اللہ بھی انکے ہمراہ تھے۔پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین کا کہنا تھا کہ ذیابیطس انتہائی مہلک مرض ہے جس سے انسانی جسم کے مختلف اعضاء گردے، دل، جگراورآنکھوں پرانتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، بروقت تشخیص،پرہیزو متوازن غذاء کا استعمال،معمول کے ساتھ ورزش و چہل قدمی، مکمل اور جلد علاج کروانے سے ذیابیطس کی پیچیدگیوں اور نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ فری میڈیکل کیمپ میں عوام الناس میں ذیابیطس کی جلد تشخیص اور متاثرہ لوگوں کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کے حوالے سے شوگر، دل، گردہ، آنکھوں ، بلڈ پریشر کے مفت معائنہ کی سہولت کے ساتھ ساتھ ماہر ڈاکٹر ز کی جانب سے مفت مفیدمشورے بھی فراہم کیے گئے۔ بعد ازاں کڈنی سنٹر آڈیٹوریم میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین کی جانب سے شرکاء کو ذیابیطس سے بچاؤ، احتیاط اور علاج و معالجہ کے بارے میں خصوصی لیکچرز دیئے گئے۔ علاوہ ازیں عوا م الناس میں شعور بیدار کرنے کیلئے ہسپتال کے مختلف نمایاں مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔