خبرنامہ

صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت نے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے ہیں: گورنر پنجاب

لاہور(اے پی پی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت نے کئی میگا پراجیکٹس شروع کیے ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ وہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے پروفیسر خالد گوندل کی قیادت میں گورنر پنجاب سے ملاقات کی۔ وفد میں کالج آف سرجنز آسٹریلیا کے صدر مائیکل جے ہالینڈ اور ڈاکٹر یاسر رجوانہ بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ علاج معالجے کی سہولتوں کو عام کرنے کے لئے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور جنوبی پنجاب میں کارڈیالوجی ہسپتال، کڈنی سینٹر، برن یونٹ سمیت متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں تاہم اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ادارہ ڈاکٹرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لئے کورسز شروع کررہاہے تاکہ عوام کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ڈاکٹر مائیکل نے پاکستان کے شعبہ اعلٰی طبی تعلیم اورتربیتی معیار کی تعریف کی اور سی پی ایس پی کو ساؤتھ ایشیاء کا بہترین طبی ادارہ اورسی پی ایس پی کے امتحانی نظام کو شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔ ڈاکٹر مائیکل جے ہالینڈز نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں ٹراما کے کورس میں بطور سینئر انسٹرکٹر اور سرجری کے امتحان میں بطور ممتحن شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا،امریکہ اور آسٹریلیا میں اے ٹی ایل ایس اور اے سی ایل ایس لازمی کورس ہیں۔پاکستان میں ان کورسز کے لازمی ہونے میں مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے گا۔