خبرنامہ

صحت کے لیے براؤن چاول سفید چاول سے زیادہ مفید ہے: امریکی ماہرین

میساچیوسٹس (ملت + اے پی پی) امریکی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ثابت اناج (ہول گرین) کھانے سے جسم کو غذائیت ، ہاضمہ کی بہتری اور شوگر کنٹرول کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔میساچیوسٹس یونیورسٹی کی امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق چھلکے سمیت ثابت حالت میں یا پسا ہوا اناج جن میں چاول، دلیہ اور گندم وغیرہ عام طور پر چھلکا اتار کر اور آٹے کی صورت میں چھان کر استعمال کیا جاتا ہے۔ چاولوں کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہا اگر سفید چاول کھانے کے بجائے ’’بھورے رنگ والا چاول‘‘ کھایا جائے تو صحت کے لیے مفید رہتا ہے۔چکی میں پیسنے کے دوران اناج کے اہم غذائی اجزاء مثلاً فائبر، آئیرن اور مختلف اقسام کے وٹامن اس سے الگ ہوجاتے ہیں اور جب استعمال کے لیے آٹا چھانا جاتا ہے تو یہ مفید اجزاء پیٹ میں پہنچنے کے بجائے کچرے کے ڈبے کی نذر ہوجاتے ہیں۔ماہرین کی جانب سے مطالعے کے دوران 40 سے 65 سال کی عمر کے 81 رضاکاروں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک گروپ کو ہول گرین (ثابت اناج)والا کھانا دیا گیا جب کہ دوسرے گروپ کو بغیر چھلکوں والا ’’صاف شدہ‘‘ کھانا کھلایا گیا۔ 8 ہفتوں تک جاری رہنے والے اس مطالعے میں دونوں گروپوں کے افراد روزانہ معمول کی جسمانی سرگرمیوں میں بھی مشغول رہے۔مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ وہ لوگ جنہوں نے روزانہ مکمل اناج والا کھانا کھایا تھا وہ نہ صرف کھانے کو کم وقت میں اور بہتر طور پر ہضم کررہے تھے بلکہ وہ دوسرے گروپ کی نسبت زیادہ کیلوریز بھی جلارہے تھے۔ ماہرین کے مطابق، ہول گرین کھانے کی بدولت ان میں سے ہر ایک نے روزانہ تقریباً 100 کیلوریز زیادہ جلائیں اور یہ بالکل ایسے تھا جیسے وہ روزانہ 30 منٹ تک پیدل چلے ہوں۔ان نتائج کی روشنی میں ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے دوسری غذاؤں اور جسمانی مشقت کے ساتھ ساتھ مکمل اناج کا استعمال واقعتاً مفید رہتا ہے اور اسے فروغ دے کر صحت میں بھی اچھی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔