لاہور (ملت + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں طبی سہولتوں کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے ساتھ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیہی و بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے اس ا سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے میں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا سو فیصد مفت علاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس، کلینیکل ریسرچ اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک عظیم شاہکار بنے گا اور اس کا شمار دنیا کے اعلیٰ ترین معیار کے اداروں کے عین مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا ادارہ صرف پنجاب کیلئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے ہے اور یہاں ہر مریض کا علاج ہوگا کیونکہ پاکستان پنجاب، بلوچستان، کے پی کے، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلوچستان پر مشتمل ہے۔ پنجاب حکومت نے اپنے تمام پروگراموں میں دیگر صوبوں اورآزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے لوگوں کو بھی شامل کیا ہے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں جگر اور گردے کے مریضوں کو بہترین علاج معالجہ میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہماری سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔